کراچی :مسلم لیگ ن کے رہنماء کیپٹن (ر) محمد صفدر کی گرفتاری اور آئی جی سندھ کے اغواء سے متعلق سندھ کے وزراء کی پانچ رکنی کمیٹی نے تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی، رپورٹ میں تحریک انصاف کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں، مزید سنسنی خیز انکشافات بھی متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے ہوٹل پر چھاپے اور محمد صفدر کی ہوٹل سے گرفتاری کو ماورائے عدالت اوراختیارات کا ناجائز استعمال قرار دیا ہے۔
انکوائری کمیٹی نے واقعے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے کردار اور دیگر اہم عوامل کا بھی ذکر کیا جبکہ دستاویزات اور شواہد کو بھی اس رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے،کمیٹی آج ایک اہم اجلاس میں اس رپورٹ پر دستخط کرے گی۔
رپورٹ کو عام کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ سندھ کابینہ کے فورم پر کیا جائے گا۔ انکوائری کمیٹی 22 اکتوبر کو تشکیل دی گئی تھی اور اسے ایک ماہ میں تحقیقات مکمل کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد مزار قائد کی مبینہ بے حرمتی کے الزام میں مسلم لیگ ن کے رہنماء کیپٹن (ر) محمد صفدر کوگرفتارکیا گیا تھاجبکہ اس حوالے سے آئی جی سندھ کے مبینہ اغواء کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔