پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ 26 نومبر کو اسلام آباد میں عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر ہونے والے پُرتشدد احتجاج کو ایک سال گزرنے کے موقع پر غیر متوقع طور پر کسی بڑے جلسے یا ریلی کے بجائے یومِ سیاہ منایا جائے گا۔
قیادت نے کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ضلعی اور ریجنل سطح پر پرامن احتجاج کا اہتمام کریں۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ پارٹی کی ریجنل تنظیمیں اپنے اپنے اضلاع میں احتجاج کی قیادت کریں۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی احتجاج کے دوران اُن کارکنوں کے گھروں کا دورہ کریں جو گزشتہ برس جاں بحق ہوئے تھے اور لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کریں۔
جنید اکبر کے مطابق حیات آباد پشاور میں قرآن خوانی بھی ہوگی، جس کے بعد احتجاجی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ یوں پارٹی قیادت نے کسی بڑے مرکزی احتجاجی مظاہرے کے بجائے ضلعی سطح پر منتشر مگر منظم احتجاج کی حکمتِ عملی اپنائی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








