بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی، پاکستان میں پیٹرول کتنا سستا ہونیوالا ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

International Oil Prices Down 4% As Top Exporters Plan to Pause Production
ONLINE / FILE PHOTO

عالمی منڈی میں بدھ کے روز تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں برینٹ کروڈ کی قیمت 4 فیصد کمی کے بعد 60 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی تاہم بعد ازاں معمولی بہتری کے ساتھ 62 ڈالر فی بیرل پر واپس آگئی۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق برینٹ کروڈ کی قیمت میں 2اعشاریہ 15 ڈالر کمی کے بعد یہ 63اعشاریہ 01 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت میں 2اعشاریہ 07 ڈالر کی کمی کے بعد یہ 58اعشاریہ 97 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔

یہ کمی چند گھنٹوں کے اندر اس وقت دیکھنے میں آئی جب اوپیک نے اپنی تازہ رپورٹ میں پیش گوئی کی کہ 2026 تک عالمی تیل کی رسد اور طلب میں توازن پیدا ہو جائے گا۔

اوپیک کے مطابق اس نئی پیش گوئی نے اس کے سابقہ تخمینے کو بدل دیا ہے جس میں رسد کی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اوپیک پلس ممالک کی بڑھتی ہوئی پیداوار اس تبدیلی کی بڑی وجہ ہے۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ منظرنامہ ایک متوازن مارکیٹ کی طرف اشارہ کرتا ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں نے فروخت کا رجحان اختیار کیا۔

دریں اثنا، انٹرنیشنل انرجی ایجنسی نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ تیل اور گیس کی عالمی طلب 2050 تک بڑھ سکتی ہے جو اس کی سابقہ پیش گوئی کے برعکس ہے جس میں کہا گیا تھا کہ رواں دہائی میں تیل کی طلب اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گی۔

عالمی سطح پر بڑے تیل برآمد کنندگان نے اشارہ دیا ہے کہ وہ قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے عارضی طور پر پیداوار یا برآمدات میں کمی کر سکتے ہیں تاکہ مارکیٹ میں طلب و رسد کے دباؤ کو متوازن کیا جا سکے۔

عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں فی الحال پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان نہیں ہے۔

Related Posts