کراچی: ملک میں کشیدگی کی وجہ سے حکومت کی جانب سے آج پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا امکان ہے، سوشل میڈیا ویب سائٹس بھی بند کرنے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج پورا دن ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز بھی بند رہیں گی، ملک بھر میں آج سوشل میڈیا سائٹس بھی بند کی جائیں گی، بندش کے سبب ٹوئٹر، فیس بک اور واٹس ایپ نہیں چلیں گی۔
ذرائع کے مطابق صارفین یوٹیوب، انسٹاگرام، ٹیلی گرام اور ٹک ٹاک بھی استعمال نہیں کرسکیں گے، سوشل میڈیا سائٹس پراکسی اور وی پی این کے ذریعے استعمال کرنے کے سبب بند کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پنجاب میں کالعدم تحریک لبیک کیخلاف مبینہ آپریشن کیخلاف آج ملک بھر میں ہڑتال کی جارہی ہے اور کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں مذہبی تہواروں کے موقع پر بھی فون اور انٹرنیٹ سروس بند کردی جاتی ہیں اور گزشتہ ہفتے حکومت نے سوشل میڈیا سے متنازعہ مواد ہٹانے کیلئے صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک سوشل میڈیا پر پابندی عائد کردی تھی۔
آج انٹرنیٹ سروس کے ساتھ سوشل میڈیا ویب سائٹس پر بھی پابندی کا امکان ہے کیونکہ ملک کے بعض علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز لازمی درکار ہوتی ہیں اس لئے سوشل میڈیا پر بھی پابندی لگائی جائیگی تاکہ کہیں سے بھی متنازعہ مواد سوشل میڈیا پر نہ ڈالا جاسکے۔