انٹرنیٹ صارفین کیلئے بری خبر، ایک ہفتے تک نیٹ سروس متاثر رہنے کا انتباہ

تازہ ترین

تازہ ترین

انٹرنیٹ بند شد
علامتی فوٹو

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ملک بھر کے انٹرنیٹ صارفین کے لیے اہم انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج 11 مئی سے 18 مئی تک شام کے اوقات میں انٹرنیٹ سروس متاثر رہ سکتی ہے۔

کمپنی کے مطابق ایک بین الاقوامی سب میرین فائبر کیبل میں خرابی دور کرنے کے لیے مرمتی کام جاری ہے جس کے باعث صارفین کو سست رفتار، بفرنگ اور کنیکٹیویٹی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پی ٹی سی ایل کے جاری اعلامیے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دیے گئے بیان کے مطابق انٹرنیشنل کیبل کنسورشیم کی جانب سے ہونے والی یہ مرمت کئی دن جاری رہ سکتی ہے۔ کمپنی نے واضح کیا کہ خاص طور پر شام کے اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار نمایاں طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی زیادہ تر انٹرنیٹ ٹریفک زیرِ سمندر فائبر آپٹک کیبلز کے ذریعے منتقل ہوتی ہے، اس لیے کسی بھی بین الاقوامی کیبل میں خرابی کے اثرات پورے ملک میں محسوس کیے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ مرمتی کام کے دوران صارفین کو مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سست ہونے یا عارضی بندش جیسے مسائل پیش آ سکتے ہیں۔

دوسری جانب Top10VPN.com کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے 2023 میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا بندشوں کے باعث دنیا بھر میں سب سے زیادہ مالی نقصان برداشت کیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بار بار کی بندشوں نے معیشت، آن لائن کاروبار، فری لانسرز اور ڈیجیٹل سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا۔

یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت پاکستان نے حال ہی میں ملک کا پہلا ڈیجیٹل ہاؤس ہولڈ انٹیگریٹڈ اکنامک سروے (HIES) شروع کیا ہے۔ سروے کے مطابق ملک میں انٹرنیٹ تک رسائی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اب تقریباً 70 فیصد گھرانے جبکہ 57 فیصد افراد انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں۔

Related Posts