سلیکان و یلی: جدید ٹیکنالوجی کے دور میں اب آئی فون کی نئی اپ ڈیٹ iOS 14 میں صارفین کے لیے متعدد نئے سیکورٹی اور پرائیویسی سے متعلق فیچرز شامل کردیئے گئے ہیں، ان میں ایک فیچر ایسا ہے جسے بہت سے صارفین نے نظر انداز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ ایک ایسا فیچر ہے جو پرائیویسی کے متلاشی ہر صارف کی اہم ضرورت ہے۔ اس نئے فیچر کی بدولت استعمال کنندہ کسی بھی مخصوص ایپلی کیشن اور خدمات کے لیے درست لوکیشن کے فیچر کو غیر فعال کر سکتا ہے۔
بہت سی ایپلی کیشنز ایسی بھی ہیں جنہیں اپنے افعال سر انجام دینے کے لیے آپ کی درست لوکیشن درکار نہیں ہوتی۔اس نئے’درست لوکیشن‘ کے فیچر سے صار ف کو زیادہ آزادی مل جاتی ہے کہ وہ اپنی مرضی سے جس ایپلی کیشن کو چاہے اپنی درست لوکیشن تک رسائی دے۔
مثال کے طور پر موسم کی ایپلی کیشن کو موسم کا حال بتانے کے لیے صرف مخصوص علاقے کی ضرورت پیش آتی ہیں، لیکن ایپل میپ اور گوگل میپ جیسی سمت کی راہنمائی (نیوی گیشن) کرنے والی ایپلی کیشنز کو آپ کی لوکیشن کی مکمل معلومات تک رسائی درکارہوتی ہے۔
تاہم iOS 14 نے صارف کو اس بات کا اہل بنا دیا ہے کہ وہ مخصوص ایپ کے لیے درست لوکیشن کو فیچرغیرفعال کرسکتے ہیں۔اب صارفین نے اس فیچر سے استفادہ حاصل کرنا شروع کردیا ہے۔