کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں اداکارہ حمیرا اصغر کی گھر سے لاش ملنے کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔تفتیشی حکام نے اداکارہ کے موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل آلات کا مکمل ڈیٹا حاصل کر لیا ہے تاہم اب تک کوئی واضح ثبوت سامنے نہیں آیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق، حمیرا نے 7 اکتوبر 2024 کو کل 14 افراد سے رابطہ کیا تھا، جن میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والا ایک معروف ڈائریکٹر بھی شامل ہے۔ تاہم، ان تمام افراد نے اداکارہ کے رابطوں کا جواب نہیں دیا۔ ڈرامہ ڈائریکٹر اس وقت اسلام آباد میں موجود ہے اور اس سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے۔
اداکارہ کے فلیٹ سے تین موبائل فونز، ایک ٹیبلٹ، ڈائری اور متعدد دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ تاہم، ٹیبلٹ خراب ہونے کی وجہ سے اس کا ڈیٹا ابھی تک مکمل طور پر حاصل نہیں کیا جا سکا۔ حمیرا کے تینوں موبائل فونز میں مختلف سم کارڈز نصب تھے، جن میں سے دو فونز پر کوئی پاسورڈ نہیں تھا، جبکہ تیسرے موبائل فون اور ٹیبلٹ کا پاسورڈ اداکارہ کی ڈائری میں درج تھا۔
حمیرا کے موبائل فونز میں مجموعی طور پر 2215 نمبرز محفوظ ہیں، جن کی تفصیلات تفتیش کا حصہ بن چکی ہیں۔ انکشاف ہوا ہے کہ اکتوبر کے شروع میں اداکارہ نے اپنے بھائی سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی، جس پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔
تفتیشی حکام نے کہا ہے کہ کیس کے حقائق سامنے لانے کے لیے تمام ممکنہ پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے اور جلد مزید معلومات عوام کے سامنے پیش کی جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








