لاہور: پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں پر مقدمات کی تفتیش کے معاملے پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر رہنماؤں کو تیسری بار طلب کرلیا۔
عمران خان اور دیگر رہنماؤں کو آج 12 بجے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، اب تک صرف اسد عمر نے جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کروایا ہے۔
عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی کے جن رہنماؤں کو جے آئی ٹی نے تیسری بار طلب کیا ہے، ان میں فواد چوہدری، حماد اظہر، اعجاز چوہدری، مسرت جمیشد چیمہ، فرخ حبیب، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب، آئندہ چند دن انتہائی اہم
جے آئی ٹی تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مختلف تھانوں میں درج ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور پولیس پر تشدد کے مقدمات کی تفتیش کررہی ہے۔
دو روز قبل 5 مارچ کو بھی جے آئی ٹی نے عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو طلب کیا تھا تاہم چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر رہنما پیش نہیں ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ جے آئی ٹی کی طرف سے پہلی دفعہ بلانے پر صرف اسد عمر نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا، ان کے علاوہ پی ٹی آئی کا کوئی رہنما پیش نہیں ہوا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








