آئی فون لوروز کیلئے بڑی خوشخبری! آئی فون 18 میں کون کون سی انقلابی تبدیلیاں متوقع؟

تازہ ترین

تازہ ترین

iPhone 18 may bring bigger changes including 5G satellite internet
ONLINE

ایپل کی آئندہ پیش کی جانے والی آئی فون 18 سیریز کو جدید ترین فیچرز اور ڈیزائن کے لحاظ سے ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹوں کے مطابق یہ نیا ماڈل ستمبر 2026 میں متعارف کرایا جائے گا جس میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور ایک فولڈایبل ماڈل شامل ہونے کا امکان ہے۔ عام ورژنز ممکنہ طور پر 2027 میں متعارف ہوں گے۔

تازہ ترین آئی فون 17 پرو سیریز نے پہلے ہی ٹیکنالوجی کے شوقین صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر صارف ایک سال انتظار کریں تو آئی فون 18 پرو زیادہ متاثرکن خصوصیات کے ساتھ سامنے آئے گا۔

ایپل کے مطابق آئی فون 18 پرو کا ڈیزائن زیادہ تر آئی فون 17 پرو جیسا ہی رہے گا جس میں ٹرپل لینس کیمرہ سیٹ اپ اور نمایاں فریم برقرار رہیں گے تاہم میگ سیف چارجنگ ایریا میں ممکنہ تبدیلی متوقع ہے جو کہ نیم شفاف سیرا مک شیلڈ کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے۔

ایپل کے اندرونی ذرائع کے مطابق ڈائنامک آئی لینڈ کے مستقبل پر بھی غور جاری ہے۔ بعض رپورٹس کے مطابق ایپل اسے انڈر ڈسپلے فیس آئی ڈی سسٹم سے تبدیل کر سکتا ہے جس میں صرف ایک ننھا پن ہول کیمرہ نظر آئے گا۔

بعض ماہرین کا خیال ہے کہ کمپنی فی الحال ڈائنامک آئی لینڈ کا سائز کم کرے گی تاکہ مکمل فل اسکرین ڈیزائن کی سمت بتدریج پیشرفت کی جا سکے۔

ٹیکنالوجی تجزیہ کاروں راس ینگ اور مارک گرمن کے مطابق مکمل انڈر ڈسپلے فیس آئی ڈی فیچر کی تیاری جاری ہے، لیکن یہ فی الحال بعد کے ماڈلز میں متعارف ہوگا۔

کارکردگی کے لحاظ سے آئی فون 18 پرو میں ایپل کا نیا اے 20پرو چپ سیٹ استعمال کیا جائے گا، جو ٹی ایس ایم سی کے تیسرے جنریشن 3این ایم پروسیس پر تیار کیا جا رہا ہے۔ کیمرے کے میدان میں بھی بڑی تبدیلی متوقع ہے۔

 

رپورٹس کے مطابق سام سنگ ایپل کے لیے نیا تھری لئیر اسٹیکڈ امیج سینسر تیار کر رہا ہے، جو زیادہ رفتار، بہتر ڈائنامک رینج اور کم شور فراہم کرے گا۔ اگر یہ خبر درست ثابت ہوئی تو یہ پہلا موقع ہوگا جب ایپل سونی کے بجائے سام سنگ کے سینسرز استعمال کرے گا۔

ایپل کی جانب سے کیمرہ کنٹرول بٹن کا ڈیزائن بھی آسان بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ موجودہ بٹن جو کپیسیٹو اور پریشر سینسرز پر مبنی ہے، آئندہ ماڈل میں صرف پریشر حساسیت برقرار رکھی جائے گی تاکہ پیداواری لاگت اور مرمت کے اخراجات کم کیے جا سکیں۔

آئی فون 18 کا سب سے دلچسپ اور انقلابی فیچر فائیو جی سیٹلائٹ انٹرنیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ ایپل اس وقت گلوبل اسٹار کے ساتھ مل کر مکمل سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی فراہمی پر کام کر رہا ہے، جو موجودہ ایمرجنسی سیٹلائٹ سروسز سے کہیں زیادہ جدید ہوگی۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین ان علاقوں میں بھی انٹرنیٹ استعمال کر سکیں گے جہاں موبائل نیٹ ورک دستیاب نہیں ہوتا۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ تمام رپورٹس درست ثابت ہوئیں تو آئی فون 18 پرو ڈیزائن، کارکردگی اور کنیکٹیوٹی کے لحاظ سے ایک غیر معمولی پیشرفت ہوگی۔ اس لیے جو صارفین اپ گریڈ کرنے میں جلدی نہیں کرتے، ان کے لیے آئی فون 18 پرو ایک مستقبل کا قابلِ انتظار آلہ ثابت ہو سکتا ہے۔

Related Posts