متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ میں ایرانی ڈرون اور میزائل حملے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ بھارت اور یو اے ای نے اس واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق فجیرہ میں ہونے والے حملے میں 3 بھارتی شہری زخمی ہوئے، جس پر بھارت نے اسے ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے فوری طور پر بے گناہ شہریوں پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں مسائل کے پرامن حل کی ہر ممکن کوشش کی حمایت کرتا ہے، ساتھ ہی آبنائے ہرمز میں بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ واضح رہے کہ بھارت اپنی توانائی ضروریات کے لیے بڑی حد تک تیل کی درآمد پر انحصار کرتا ہے، اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اس کے لیے توانائی بحران کا سبب بن سکتی ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے بھی ایرانی حملوں کو سخت اشتعال انگیزی اور دھوکا دہی قرار دیتے ہوئے ان کی بھرپور مذمت کی ہے۔ اماراتی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے ملک کی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہیں اور یو اے ای کو اپنے دفاع میں جواب دینے کا مکمل حق حاصل ہے۔
یاد رہے کہ 4 اپریل کو فجیرہ آئل انڈسٹری زون میں میزائل حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے نتیجے میں 3 بھارتی شہری زخمی ہوئے تھے۔
ادھر متحدہ عرب امارات میں امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ سفارتخانے کے مطابق غیر ضروری امریکی عملے کو منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ابوظبی اور دبئی میں ویزا سروسز عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








