ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کو تازہ میزائل اور ڈرون حملے میں بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترک نیوز ایجنسی انادولو کا کہنا ہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے جمعہ کی صبح کو دعویٰ کیا کہ انہوں نے امریکی بحریہ کے جہاز ابراہم لنکن کو میزائل اور ڈرونز سے شدید نقصان پہنچایا۔ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ حملہ خطے میں جاری فوجی کارروائی کے دوران ہوا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں امریکی بحریہ کا کیرئیر نشانہ بن گیا، تاہم بیان میں جہاز کی موجودہ صورتحال اور ممکنہ ہلاکتوں سمیت نقصان کی نوعیت کے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
تاحال امریکی فوج یا امریکی بحریہ نے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ واضح رہے کہ ابراہم لنکن ایٹمی توانائی سے چلنے والا یمٹز کلاس طیارہ بردار بحری جہاز ہے جس نے طویل عرصے سے امریکی بحریہ کے بیڑے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ماضی میں ابراہم لنکن کی مدد سے امریکا نے مشرق وسطیٰ اور بحر الکاہل کے علاقوں میں متعدد فوجی تعیناتیوں کے دوران امریکی مفادات کا تحفظ ممکن بنایا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ابراہم لنکن کو مشرق وسطیٰ کے پانیوں میں داخل کرنے کے بعد سے ہی خطے میں کشیدگی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








