امریکا کی جانب سے ضبط کیے گئے ایرانی جہاز کا عملہ جسے پاکستان کے حوالے کیا گیا تھا، ایران کے حوالے کردیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے ایرانی جہاز توسکا کے عملے کے 15اراکین ایرانی حکام کے حوالے کیے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی خبر ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی جہاز کے عملے کے اراکین پیر کے روز سیستان اور بلوچستان کے رمدان بارڈر ٹرمینل کے ذریعے ایرانی حدود میں داخل ہوئے۔ امریکی حکومت نے ایران کے ساتھ اعتماد سازی کے طور پر ایرانی جہاز توسکا کے اراکین کو پاکستان کے حوالے کیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ حکومت نے توسکا کے 22اراکین کو حراست میں لیا تھا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے عملے کے 6افراد پہلے ہی واپسی کیلئے خطے کے ایک ملک کے حوالے کردئیے گئے تھے۔ ایرانی جہاز توسکا کا عملہ 22اراکین پر مشتمل تھا۔ ایرانی جہاز کو امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی پر تحویل میں لیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ایرانی جہاز توسکا کو تحویل میں لینے پر ایرانی حکومت نے کھل کر ناراضی کا اظہار کیا اور امریکی اقدام کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس واقعے کی کھل کر مذمت کی تھی۔ امریکی حکومت کی جانب سے ایرانی عملے کو پاکستان کے ذریعے منتقل کرنے کے عمل کو اعتماد سازی قرار دیا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








