ایران، امریکا کشیدگی کراچی تک پہنچ گئی؟ رمضان کے دوران گیس کا شیڈول بدلنے کا امکان

تازہ ترین

تازہ ترین

Karachi residents FACES gas load shedding
ONLINE

رمضان کے مقدس مہینے میں توانائی کی سہولت ہر گھر کے لیے بہت اہم ہے لیکن حالیہ دنوں میں گیس کی سپلائی کے حوالے سے شہریوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایل این جی کی درآمد میں ممکنہ رکاوٹ کے باعث کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں گیس کی فراہمی متاثر ہونے لگی ہے۔ رمضان کے دوران گیس کا شیڈول بدلنے کا امکان ہے تاکہ افطار اور سحری کے وقت شہری بنیادی ضروریات کے لیے گیس حاصل کر سکیں۔

اطلاعات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے ایل این جی کی درآمد میں رکاوٹ کے باعث گیس کی سپلائی کے اوقات میں تبدیلی پر غور شروع کر دیا ہے تاہم کمپنی نے ابھی تک اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

ممکنہ شیڈول کے مطابق افطار کے وقت گیس سہولت دوپہر 3 بجے سے رات 9:30 بجے تک دستیاب ہوگی جبکہ سحری کے دوران یہ سہولت صبح 3 بجے سے صبح 9 بجے تک فراہم کی جائے گی تاہم گیس کے اس نئے شیڈول کا باضابطہ اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی سپلائی متاثر ہونے کی شکایات بھی موصول ہوئیں۔ نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، شادمان ٹاؤن، ناظم آباد، لیاقت آباد، دستگیر، گلشن اقبال، گارڈن، لی مارکیٹ، اورنگی اور دیگر علاقوں کے شہری اس وقت شدید پریشانی کا شکار رہے۔

ایس ایس جی سی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر کے آر ایل این جی پلانٹ کی بندش کے باعث فی الحال کوئی کارگو راستے میں نہیں ہے۔ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو رمضان کے دوران گیس کا نیا شیڈول نافذ کیا جا سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق 10 مارچ کے بعد گیس کے نئے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

Related Posts