محکمہ موسمیات نے ایران جنگ کے اثرات پاکستان تک پہنچنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل ایران کے راستے بارش برسانے والا نیا سسٹم پاکستان میں داخل ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نئے بارش برسانے والے سسٹم کے تحت شمال مشرقی بلوچستان میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ 3روز تک بوندا باندی اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا باعث بن سکتا ہے۔
ماہرین موسمیات کا ماننا ہے کہ مغرب سے آنے والی ہواؤں میں ایران سے آنے والے آلودہ ذرات پاکستان کے مغربی علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ ان ہواؤں کی وجہ سے ملک کے مغربی علاقوں کا فضائی معیار متأثر ہوسکتا ہے۔
تاہم محکمہ موسمیات نے پاکستان میں کالی بارش کا امکان مسترد کرتے ہوئے پیشگوئی کی کہ ایران کے راستے آنے والے سسٹم میں آلودگی پیدا کرنے والے ذرات موجود ہونے کے باعث ریجنل آفسز کو بارش کے نمونے جانچ کیلئے جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان کو کیا خطرہ ہے؟
ہمسایہ ملک ایران میں جاری جنگ اور تیل و صنعتی تنصیبات پر حملوں کے باعث فضاء میں دھواں، کیمیکل ذرات اور آلودہ گیسوں کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگر ایران کی سمت سے آنے والا بارش برسانے والا موسمی سسٹم پاکستان میں داخل ہوتا ہے تو اس کے ساتھ فضائی آلودگی کے ذرات بھی پاکستان منتقل ہو سکتے ہیں۔
ایران سے آنے والے آلودہ ذرات سے خاص طور پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے علاقوں کی فضائی معیار متاثر ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران میں ہونے والے دھماکوں اور آئل تنصیبات کو نقصان کے بعد فضا میں پیدا ہونے والی آلودگی ہواؤں کے ذریعے سرحد پار علاقوں تک پہنچ سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








