پیرالمپکس میں حصہ لینے والے ایرانی ایتھلیٹ صادق بیت سیاح کو سب سے لمبی تھرو پھینکنے کے باوجود مذہبی جھنڈا (عَلم) لہرانے کی پاداش میں گولڈ میڈل کے لیے نااہل قرار دیا گیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے ایران فرنٹ پیج (آئی ایف پی) کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب صادق بیت سیاح نے اپنی جیت کا جشن منانے کے لیے علم لہرایا۔ صادق بیت سیاح نے جیولین میں پہلی پوزیشن 47 اعشاریہ 64 میٹر لمبا تھرو پھینک کر حاصل کی تھی۔
تاہم پیرالمپکس انتظامیہ کے مطابق صادق بیت سیاح نے اپنی جیت کے جشن کے دوران مذہبی جھنڈا (علم) لہرایا جو پیرالمپکس کے قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے، اس وجہ سے وہ میڈل کے لیے نااہل ہو گئے ہیں۔
اس کے بعد صادق بیت سیاح کا گولڈ میڈل دوسرے نمبر پر آنے والے انڈیا کے نودیپ سنگھ کو دیا گیا جنہوں نے اس سے قبل چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

نودیپ سنگھ کا تعلق انڈیا کی ریاست ہریانہ سے ہے۔ 23سالہ نودیپ سنگھ نے مقابلے میں 47 اعشاریہ 32 میٹر لمبا تھرو پھینکا تھا۔
پیرالمپکس کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق ایرانی پیرا ایتھلیٹ کو کھیل کے قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے۔
ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس کے قواعد و ضوابط اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ پیرا ایتھلیٹکس کے کھیل کے دوران دیانتداری، اخلاقیات اور طرز عمل کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔
دوسری جانب ایران میں صادق بیت سیاح کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے باوجود گولڈ میڈل کے لیے نا اہل قرار دیے جانے کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








