امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ سچا نکلا، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای شہید ہوگئے ہیں، ایرانی میڈیا نے تصدیق کردی، سپریم لیڈر کی شہادت کے باعث ایران کی فضائیں سوگوار ہوگئیں، ملک بھر میں 7روزہ تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملے میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی انٹیلی جنس اور جدید ٹریکنگ سسٹمز نے اسرائیل کے ساتھ مل کر کارروائی کی۔
سپریم لیڈر کی شہادت پر پورا ملک سوگوار ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ ایران کے عوام کیلئے ملک واپس لینے کا سب سے بڑا موقع ہے۔ ایران پر مزید بمباری ہفتے بھر یا اہداف کے حصول تک جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای ہفتے کے روز ہونے والے امریکی و اسرائیلی حملوں کے دوران شہید ہوئے۔ سپریم لیڈر کی شہادت ان کے دفتر میں ہوئی۔ ایران میں 7روزہ تعطیل اور 40روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آیت اللہ خامنہ ای 1989 سے ایران کیلئے بطور سپریم لیڈر خدمات سرانجام دے رہے تھے، وہ آیت اللہ خمینی کے انتقال کے بعد ان کے جانشین بنے تھے۔ حملوں کے دوران سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی بیٹی اور نواسے کی شہادت کی بھی تصدیق ہوگئی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ حملوں میں آیت اللہ خامنہ ای کے داماد اور بہو بھی شہید ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر ساتھیوں کے ہمراہ زیر زمین بنکر میں تھے جب ان پر بم گرائے گئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے کمپاؤنڈ پر 30 بم گرائے گئے اور ایرانی سپریم لیڈر درجنوں ساتھیوں کے ہمراہ شہید ہوئے۔ آیت اللہ علی خامنہ ای کی میت کی تصویر امریکی صدر کو دکھا دی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








