عاشورہ کی مجلس میں ایرانی سپریم لیڈر کی غیر متوقع شرکت، ویڈیو وائرل ہوگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

خطے میں ہلچل مچانے والی 12 روزہ ایران، اسرائیل جنگ کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پہلی بار عوامی منظر پر نظر آئے۔

سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ایک ویڈیو، جس میں وہ عاشورہ کی ایک مذہبی تقریب میں شریک ہیں، سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے، جس نے عالمی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔

یہ ویڈیو ہفتے کے روز سرکاری میڈیا پر نشر کی گئی، جس میں آیت اللہ خامنہ ای کو تہران کی امام خمینی مسجد میں عاشورہ کی مجلس میں شریک دکھایا گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب وہ مسجد میں داخل ہوتے ہیں تو شرکاء کی جانب سے نعرے بلند کیے جاتے ہیں، اور وہ ہاتھ ہلا کر ان کا جواب دیتے ہیں۔

اس موقع پر ان کی صحت بہتر اور چال میں استحکام دیکھا گیا، جس نے ان کی صحت سے متعلق چہ میگوئیوں کو بھی وقتی طور پر ختم کر دیا۔

واضح رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر نے 13 جون سے اب تک عوام کے سامنے آنے سے گریز کیا تھا، جب اسرائیل کے ساتھ براہِ راست جنگ کا آغاز ہوا۔ اس دوران ان کی تمام تقاریر اور بیانات ریکارڈ شدہ صورت میں نشر کیے جاتے رہے۔

Related Posts