وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں لاک ڈاؤن سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا کہ فی الحال کوئی ایسا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے حیرت ہے کہ بغیر تصدیق کے خبریں پھیلائی جاتی ہیں، سندھ میں کوئی لاک ڈاؤن نہیں لگایا جا رہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاجر برادری اور ریسٹورنٹ مالکان سے ملاقات کے بعد بھی مختلف آراء سامنے آئیں اور ہر کسی کی رائے پر فوراً عمل ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں مارکیٹیں الگ الگ اوقات میں بند نہیں کی جا سکتیں اس کے لیے ایک مربوط پالیسی کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ وفاقی حکومت کو تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کرنے کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اب تاجر برادری کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاق کے ساتھ بیٹھ کر صوبے کی صورتحال کے مطابق کوئی قدم اٹھایا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








