بالی وڈ اسٹار کارتک آریان کی جان کو خطرہ؟ پاکستانیوں سے رابطے پر بھارتی تنظیم کی سخت تنبیہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بھارت میں قوم پرستی کا عالم یہ ہے کہ اب فنکاروں کو بھی دعوت نامے قبول کرنے سے پہلے کھانے پینے کی دکانوں کے مالکان کی قومیت چیک کرنی پڑتی ہے، بالی ووڈ کے مقبول اداکار کارتک آریان کو مغربی انڈین فلم ورکرز فیڈریشن نے سخت لہجے میں تنبیہ کی ہے کہ وہ پاکستانیوں سے منسلک کسی بھی تقریب میں شرکت سے گریز کریں ورنہ نتائج بھگتنا ہوں گے۔

امریکی شہر ہیوسٹن میں ایک پاکستانی ریسٹورنٹ آغاز ریسٹورنٹ اینڈ کیٹرنگ نے 15 اگست کو بھارتی یومِ آزادی کے موقع پر آزادی اُتسو نامی تقریب کا اہتمام کیا۔ دلچسپ بات یہ کہ اسی ریسٹورنٹ کے مالک شوکت مریدیا اسی ہفتے پاکستان کے یومِ آزادی کے لیے جشنِ آزادی منعقد کر رہے ہیں جس میں پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی پرفارمنس متوقع ہے۔

یہ تقریبات بھارت کے خود ساختہ محب وطن ادارے فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سین ایمپلائز کو ایک آنکھ نہ بھائیں۔ انہوں نے فوراً کارتک آریان کو ایک خط لکھ ڈالا جس میں پہلے تو ان کی تعریفوں کے پل باندھے کہ آپ بھارتی سنیما کے چمکتے ستارے ہیں نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں اور قوم کو آپ پر فخر ہے لیکن پھر اچانک لہجہ بدلتے ہوئے دھمکی دی کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ آپ ایک ایسی تقریب میں مہمانِ خصوصی ہوں جو پاکستانیوں کے زیر اہتمام ہو؟ یہ قومی مفادات کے منافی ہے۔

کارتک آریان کی ٹیم نے فوری طور پر صفائی پیش کی کہ ہم نے نہ تو اس تقریب میں شرکت کا اعلان کیا نہ ہی اس سے کوئی تعلق ہے۔ ہم نے منتظمین سے کہہ دیا ہے کہ وہ ہمارے نام پوسٹرز اور تصاویر فوری ہٹائیں۔

فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سین ایمپلائز نے اپنے خط میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ چونکہ پاکستان نے ماضی میں پہلگام حملے جیسے واقعات کیے اس لئے بھارتی فنکاروں پر لازم ہے کہ وہ پاکستانیوں سے ہر قسم کا رابطہ توڑ دے، خواہ وہ امریکا میں کوئی ریسٹورنٹ چلانے والا پاکستانی ہی کیوں نہ ہو۔

Related Posts