واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک پیغام میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پنجاب کے شہری بغیر ڈرائیونگ ٹیسٹ دیے ایک ویب سائٹ dastakpunjab.online کے ذریعے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
وائرل پوسٹ میں ایک گرافک بھی شامل ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار اپنی ذاتی معلومات فراہم کر کے اور ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے مقررہ فیس ادا کر کے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔
پیغام میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ سروس وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت قائم “ڈرائیونگ لائسنس مینجمنٹ سسٹم” کا حصہ ہے اور اس میں کسی جسمانی یا عملی ڈرائیونگ ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
تاہم پنجاب کے متعلقہ حکام نے اس دعوے کو جھوٹا قرار دیا ہے۔ حکام کے مطابق صوبے میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے اب بھی تحریری اور عملی دونوں ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہے۔
حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ غیر سرکاری ویب سائٹس استعمال نہ کریں اور نہ ہی ایسی سائٹس پر اپنی ذاتی یا ادائیگی سے متعلق معلومات شیئر کریں، کیونکہ یہ دھوکا دہی پر مبنی ہو سکتی ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق تمام خدمات کے لیے صرف پنجاب ٹریفک پولیس یا ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے سرکاری پورٹلز ہی استعمال کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








