کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گرم ہیں کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو ہٹایا جا رہا ہے اور اس مقصد کیلئے ایک ترمیم تیار کی جا رہی ہے، اب اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وضاحت کی ہے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ افواہیں گرم ہیں کہ آصف زرداری کو بطور صدر ہٹایا جارہا ہے اور نئی ترمیم لائی جارہی ہے؟ اس پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میری درخواست ہے کہ دو دن سیاست نہ کریں تو بہت اچھی بات ہے، سوشل میڈیا کی خبروں پر بالکل یقین نہ کریں، بعض لوگوں کو تکلیف ہے کہ ہم سب اکٹھے کیوں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ سیاستدان، حکومت اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ اکٹھی ہے تو کچھ لوگوں کو تکلیف ہو رہی ہے، سب اکٹھے ہیں اس لیے جن لوگوں کو تکلیف ہو رہی ہے وہ ایسی باتیں کر رہے ہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا سندھ کے اضلاع شکارپور، کشمور، کندھ کوٹ کے حالات کی اطلاع وفاقی حکومت کو نہیں ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع ہے اور جس طرح کے پی میں دہشت گردوں کو مار بھگایا ہے، ڈاکوؤں کا بھی بندوبست کرلیں گے، ڈاکوؤں کا بندوبست وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں مل کریں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








