ذرائع ابلاغ پر انکشاف ہوا ہے کہ حکومت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو 2 وزارتوں کی پیشکش کی ہے، جسے سابق کپتان نے شکریے کے ساتھ قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق کپتان شاہد خان آفریدی کو وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے حال ہی میں دو وزارتوں کی پیشکش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سابق کپتان کو اسپورٹس اور یوتھ کی وزارتوں کی پیشکش کی جس پر شاہد خان آفریدی نے شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور معذرت کرلی۔
شاہد آفریدی نے پیشکش قبول کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی عزت کا شکریہ، اپنی فاؤنڈیشن پر فوکس کرنا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ یہ پیشکش ایسے وقت سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز شاہد خان آفریدی کا بیان سامنے آیا تھا کہ وہ سیاست میں آکر ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ دل چاہتا ہے کہ سیاست میں آؤں اور پاکستان میں کچھ کروں لیکن میرے بڑے مجھے سیاست میں آنے سے منع کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے بڑوں کو کہتا ہوں کہ اگر ہم جیسے لوگ سیاست میں نہیں آئیں گے تو تبدیلی کیسے آئے گی۔
شاہد آفریدی نے اپنے داماد اور فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے حوالے سےبات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شاہین کو کپتانی سے ہمیشہ دور رکھنے کی کوشش کی ہے۔ کپتانی کے حوالے سے بہت سارے سابق کرکٹرز اور اپنا اختتام اچھا نہیں دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کو لاہور قلندرز کی کپتانی لینے سے بھی منع کیا تھا لیکن انہوں نے میری بات نہیں مانی اور لاہور قلندرز کی کپتانی قبول کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








