واٹس ایپ ایک بڑی ڈیزائن تبدیلی پر کام کر رہا ہے جو ایپل کے حالیہ آئی او ایس ورژنز میں متعارف کرائے گئے لیکوئڈ گلاس اسٹائل سے متاثر ہے۔ اس نئے انداز میں ایپ کے انٹرفیس کو زیادہ جدید، شفاف اور ہموار بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ صارفین کو ایک منفرد بصری تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
اس تبدیلی کے ابتدائی اشارے 2025 کے آخر میں سامنے آئے تھے جب بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین نے ایپ کے انٹرفیس میں معمولی تبدیلیاں اور چیٹ اسکرین میں کچھ نئے عناصر محسوس کیے تاہم اب اطلاعات کے مطابق اس اپڈیٹ میں مزید بڑی اور نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں جو جلد صارفین کے لیے متعارف کرائی جا سکتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ ایک نئے چیٹ انٹرفیس کو حتمی شکل دے رہا ہے جس میں فلوٹنگ چیٹ بار اور شفاف نیویگیشن بار شامل ہوں گے۔ اس ڈیزائن کا مقصد نہ صرف ایپ کو جدید بنانا ہے بلکہ صارفین کے لیے استعمال کو مزید آسان اور دلکش بنانا بھی ہے۔
فی الحال یہ نیا انٹرفیس بیٹا صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں، البتہ اسے اندرونی طور پر ٹیسٹنگ کے مراحل سے گزارا جا رہا ہے۔ میٹا اس اپڈیٹ کو مرحلہ وار انداز میں متعارف کرانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اسی لیے بہت سے صارفین کو پہلے کی اپڈیٹس بھی ابھی تک موصول نہیں ہو سکیں۔
توقع کی جا رہی ہے کہ جب اس ڈیزائن کی تیاری مکمل ہو جائے گی تو اسے بڑے پیمانے پر جاری کیا جائے گا تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا یہ نیا انداز صرف آئی او ایس صارفین تک محدود رہے گا یا اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر بھی دستیاب ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








