وفاقی وزارت اطلاعات و ٹیلی کمیونیکیشن کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اہم اجلاس میں ملک کے 11 اضلاع میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، وائس کمیونیکیشن اور فائبر آپٹیکل کیبل کے 9 بڑے منصوبے منظور کر لیے گئے ہیں۔
سیکرٹری آئی ٹی اور چیئرمین بورڈ کے مطابق، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کی ہدایت پر شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان ڈیجیٹل فرق کو ختم کرنے کے اقدامات میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ ان منصوبوں کی مجموعی مالیت 13 ارب روپے سے زائد ہے اور ان سے 55 لاکھ سے زیادہ افراد کو سہولت حاصل ہوگی۔ یہ منصوبے 11 اضلاع کے 178 ٹاؤنز، یونین کونسلز اور 753 دیہات کے مکینوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑیں گے۔
چیئرمین یو ایس ایف بورڈ نے کہا کہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل کنکٹیویٹی سے ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ ملے گا۔ یو ایس ایف کے پہلے سے جاری منصوبوں سے اب تک تقریباً 3 کروڑ 94 لاکھ افراد کو کنکٹیویٹی سروسز دستیاب ہو چکی ہیں۔
اس منصوبے کے تحت
سیالکوٹ، نارووال، زیارت اور کوئٹہ میں 3 منصوبوں کے ذریعے 1428 کلومیٹر فائبر آپٹیکل کیبل بچھائی جائے گی۔
عمرکوٹ، گجرانوالہ، کوہاٹ، خضدار، مظفرگڑھ، مانسہرہ اور منڈی بہاءالدین کے لیے چھ نئے براڈ بینڈ منصوبے شامل ہیں جو ان علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز کو فروغ دیں گے۔
اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل حفیظ الرحمان، ممبر ٹیلی کام جہانزیب رحیم، محمد یوسف اور عائلہ ماجد بھی شریک تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








