وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کے سربراہی کونسل اجلاس میں شرکت کے لیے روسی دارالحکومت ماسکو پہنچ گئے ہیں، جس کی تصدیق ترجمان دفتر خارجہ نے کی۔
ترجمان وزارت خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار ماسکو پہنچ گئے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کے سربراہان حکومت کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے۔
Deputy Prime Minister / Foreign Minister @MIshaqDar50 of Pakistan, H.E. Senator Mohammad Ishaq Dar arrived in Moscow today to attend the Shanghai Cooperation Organisation-Council of Heads of Government (SCO-CHG) meeting from November 17-18, 2025. At the airport, DPM / FM was… pic.twitter.com/uZZ6uG9UPd
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) November 17, 2025
سوشل میڈیا پیغام کے مطابق ایئرپورٹ پر نائب وزیرِ اعظم / وزیرِ خارجہ کا استقبال روس کے نائب وزیر خارجہ مکائل گالوزِن، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ پروٹوکول الیگزینڈر پروسوُف، روسی وزارتِ خارجہ کے سیکنڈ ایشیا ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر الیگزی سُروفٹسِیف اور پاکستان کے سفارتخانے کے افسران نے کیا۔شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کا سربراہان حکومت کونسل اجلاس 17 تا 18 نومبر جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) دنیا کے اہم ترین علاقائی تعاون کے پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے جس کا مقصد سیاسی، اقتصادی، سکیورٹی اور سماجی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس تنظیم کی خاص طور پر اہمیت اس لیے بھی ہے کہ یہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور علیحدگی پسندی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اپناتی ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم رکن ممالک کے درمیان کم لاگت تجارت، توانائی تعاون، علاقائی رابطوں اور پائیدار ترقی کو فروغ دیتی ہے۔ عالمی سطح پر اقوامِ متحدہ کے بعد یہ اُن تنظیموں میں شمار ہوتی ہے جن کے رکن ممالک آبادی، رقبے اور وسائل کے اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔
پاکستان کے لیے یہ تنظیم نئی تجارتی منڈیاں، علاقائی روابط اور توانائی راہداریاں کھولنے کے حوالے سے ایک اہم موقع تصور کی جاتی ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں پاکستان کے علاوہ چین، روس، بھارت، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایران نے بھی 2023 میں باقاعدہ رکنیت حاصل کی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








