اسلام آباد پولیس نے 3 افراد کو اغواء کرنے والے ملزم کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد پولیس نے 3 افراد کو اغواء کرنے والے ملزم کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا
اسلام آباد پولیس نے 3 افراد کو اغواء کرنے والے ملزم کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا

اسلام آبادپولیس نے گن پوائنٹ پر 3 افراد کو اغواء کرنے والے4 مسلح ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  شہرِ اقتدار کے تھانہ رمنا کے علاقے مین ڈبل روڈ جی 10 سے دن دہاڑے مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر کاروباری شخصیت رحمت نیاز کے ذاتی ملازم سمیت 3 افراد کو اغواء کر لیا۔ اغواء کار سیاہ رنگ کی 2 پراڈو گاڑیوں اور 1 کرولا کار پر سوار تھے۔

اغواء کاروں نے تینوں افراد کو اغواء کرنے کے بعد پی ایچ اے فلیٹس، جی 10 مرکز میں اپنے فلیٹ میں قید رکھا اور کاروباری شخصیت رحمت نیاز کا پتہ پوچھتے رہے۔ پتہ معلوم ہونے پر مسلح ملزمان اغواء کیے گئے تینوں افراد کو لے کر کاروباری شخصیت رحمت نیاز کے گھر پہنچے تو چاروں کو پولیس نے رنگے ہاتھوں دھر لیا۔

وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے اغواء کاروں کے خلاف اغواء سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ یہ ایف آئی آر گزشتہ ہفتے درج کی گئی۔ مدعی رحمت نیاز کے مطابق مانسہرہ کے رہائشی اقبال عرف بالا گجر نے جائیداد کے لین دین میں کروڑوں کا فراڈ کیا اور سیکٹر جی 15 میں واقع میرے ذاتی مکان پر قبضہ کیا۔

مدعی رحمت نیاز نےکہا کہ ملزم اقبال عرف بالا گجر میری جان کے درپے ہوگیا۔ 2 ماہ قبل اس نے مجھے جی 11 مرکز سے اغواء کیا  اور مجھ سے ہی ہتھیائے گئے مکان جی 15 پر 8 سے 9 گھنٹے تک قید رکھا اور مجھ سے 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کرتا رہا۔

رحمت نیاز نے کہا کہ اگلے روز میں صبح 5 بجے موقع پا کر کھڑکی کے راستے وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا، تاہم بعد ازاں میرے ڈرائیور محمد ارشد اور دوستوں انور زیب اور طارق امین کو جی نائن بھیجا جنہیں بالا گجر اور اس کے مسلح ساتھیوں نے روک کر اغوا کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان نے میرے دوستوں اور ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں میرے گھر پہنچے تو میرے اہلِ خانہ کو ہراساں کیا۔ اسی دوران پولیس نے چھاپہ مار کر چاروں ملزمان کو گرفتار کیا اور مغوی افراد کو بازیاب کرا لیا۔

درخواست گزار رحمت نیاز کے مطابق بالا گجر نے انہیں فون پر ایک دھمکی آمیز پیغام بھیجا جس میں کہا گیا کہ آپ آج رات کا کھانا اپنے بچوں کے ساتھ نہیں کھائیں گے جبکہ بالا گجر سنگین جرائم میں ملوث ہے۔

مانسہرہ میں پہلے بھی اغواء برائے تاوان کے مقدمات بالا گجر پر درج ہیں جو 10 سال کی قید کی سزا کاٹ کر رِہا ہوا ہے۔ بالا گجر کے خوف کی وجہ سے لوگ اس کے خلاف آواز نہیں اٹھاتے۔

متاثرہ شہری رحمت نیاز نے حکامِ بالا سے اپنے اور اپنے بچوں کی جان کے تحفظ اور انصاف کی اپیل کی ہے اور ملزم بالا گجر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ 

Related Posts