اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت کے تھانہ ترنول نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جی ٹی روڈ پر ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے گروہ کا ایک ملزم گرفتار کر لیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول اور گاڑی برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس کو دیکھتے ہی 5 ملزمان پر مشتمل گروہ بھاگ نکلا۔
ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے گروہ کی تیز رفتاری کے باعث گاڑی کا ایکسیڈنٹ ہوگیا جس پر پولیس نے فوری طور پر ایک ملزم کو قابو کر لیا جبکہ باقی ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔
علاقہ پولیس دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے جبکہ ابتدائی تفتیش کے دوران پکڑے گئے ملزم نے جڑواں شہروں میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔کارروائی مخبر کی اطلاع پر کی گئی۔
ایس پی صدر زون عمر خان کی ہدایت پر ڈی ایس پی خالد محمود اعوان کی نگرانی میں ایس ایچ او اور ٹیم نے کارروائی کی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کے خلاف مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بااثر قبضہ مافیا کے کارندوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا مقامی نوجوان وکیل راجہ فیصل ایڈووکیٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔واقعے میں پانچ افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔
واقعہ کی ایف آئی آر تھانہ کورال میں درج ہے جس میں شکیل عباسی، چوہدری عبدالرحمان، یوسف خان، شاہد کھوکھر، عثمان شبیر، اعظم بھٹی اور زبیری شاہ کو نامزد کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: زخمی ہونے والا مقامی وکیل راجہ فیصل دم توڑ گیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








