اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اور ملک کے دیگر حصوں میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے باعث پابندیاں سخت کرتے ہوئے عوام کوایس او پیز پر مکمل طور پرعمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کی ہدایت پر جاری کردہ نوٹیفکیشن میں فارمیسی اور دوائیوں ودیگرضروری خدمات کے علاوہ تمام تجارتی سرگرمیاں محدود رہیں گی، گروسری اسٹورز اور بیکریز رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں 15 مارچ سے انڈور شادیوں ، انڈور ڈائننگ اور سینما گھر اور مزارات کھولنے کی اجازت دینے کافیصلہ بھی واپس لے لیا گیا ہے تاہم کورونا ایس او پیزپر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ بیرونی ڈائننگ اور ٹیک وے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سماجی دوری ، ماسک ، مناسب صفائی ستھرائی اور ڈس انفیکشن کے سلسلے میں ایس او پیز کا نفاذ جاری رہے گا۔ نوٹیفکیشن میں متنبہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی طرح کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی اور یہ اقدامات 15 اپریل تک نافذ العمل رہیں گے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے متاثر ہونیوالے مزید 54 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2ہزار701 نئے کیسز درج کئے گئے جس کے بعد فعال کیسزکی مجموعی تعداد18ہزار703 ہوگئی ہے اور مثبت شرح 6 اعشاریہ 56 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔