اسلام آباد میں ایمرجنسی سروسز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈرونز متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کی۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کی ایمرجنسی سروسز کو مضبوط اور جدید بنانے کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
حکام نے اجلاس کو بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ساتھ مشاورت جاری ہے تاکہ تکنیکی معاونت اور جدید آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
منصوبے کے تحت ایمرجنسی سروسز کو ڈرونز، ریسکیو موٹر بائیکس اور خصوصی گاڑیوں سے لیس کیا جائے گا تاکہ کارکردگی بہتر ہو اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ ایک جدید ایمرجنسی آپریشنز سنٹر بھی قائم کیا جائے گا، جو ریسکیو آپریشنز کی نگرانی اور مربوط ردِعمل کو تیز تر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی جس میں بالخصوص ڈرون نگرانی اور واچ ٹاورز کے قیام پر زور دیا جائے گا تاکہ ایسی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔
حکام نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کے قیام کے لیے موزوں مقام کی نشاندہی کر لی گئی ہے، جو اسلام آباد کے ریسکیو اور ایمرجنسی نظام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








