ضلعی انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں مویشیوں کی خرید و فروخت کیلئے 6 باقاعدہ مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
حکام کے مطابق یہ منڈیاں 10 مئی سے فعال ہوں گی جبکہ شہر میں مقررہ مقامات کے علاوہ کہیں بھی جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مویشی منڈیاں ضیاء مسجد، آئی 12، بارہ کہو، لہتراڑ روڈ سلطانہ فاؤنڈیشن، سنگجانی اور جاپان روڈ پر قائم کی جائیں گی۔ ڈی سی اسلام آباد نے متعلقہ اداروں کو پارکنگ، صفائی ستھرائی، سینیٹیشن اور سکیورٹی کے مکمل انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیوں میں سرکاری طور پر مقرر کردہ فیس سے زائد وصولی کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا جبکہ ہر منڈی میں ایک مجسٹریٹ چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہے گا تاکہ عوامی شکایات کا بروقت حل ممکن بنایا جاسکے۔
ڈی سی اسلام آباد نے ٹریفک پولیس کو بھی خصوصی حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے تاکہ منڈیوں سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جاسکے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مویشی منڈیوں کے علاوہ شہر کے کسی بھی مقام پر جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








