جنین: مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہید جبکہ 44 زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 70 سال سے زائد عرصے سے مقبوضہ فلسطین پر قابض اسرائیل نے فوج کی درجنوں گاڑیاں مقبوضہ مغربی کنارے پر واقع شہر جنین کے کیمپ میں بھیجیں۔ اسرائیلی فوج کی بہیمانہ فائرنگ کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہید ہوگئے۔
مودی سرکار نے مسلم تنظیم پر پابندی لگادی
فائرنگ کے نتیجے میں زخمی افراد کی تعداد 44 بتائی جاتی ہے۔ اسرائیلی فوج اور مظلوم فلسطینیوں کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ گزشتہ روز کی صبح سے دوپہر تک جاری رہا۔ اسرائیلی فوج نے مظلوم فلسطینیوں پر آنسو گیس اور گولہ بارود سے حملہ کیا۔
فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فوج سے فائرنگ کا تبادلہ کیا اور جنین پناہ گزین کیمپ کے داخلی راستے پر پتھر پھینک دئیے۔ فلسطینی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے حملے میں 30 سالہ محمد الوانہ، 27 سالہ عابد ہام اور 26 سالہ احمد الوانہ شہید ہوئے۔
اپنی ظالمانہ کارروائی کے متعلق اسرائیلی فوج نے مؤقف اپنایا ہے کہ اسرائیل پر متعدد حملوں میں ملوث 2 مشتبہ افراد کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے تاہم عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے ایک کنڈر گارٹن سینٹر پر بھی بمباری کی ہے۔
اندھا دھند بمباری کے باعث زیرِ تعلیم کمسن بچوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ اسرائیل کے حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گزشتہ روز ہی وائرل ہوگئی تھی۔
بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فوجی کارروائی، پکڑ دھکڑ اور تشدد پر مبنی ظلم و ستم کا نیا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ جھڑپیں معمول بنتی جارہی ہیں۔ گزشتہ برس بھی اسرائیل کی جارحیت کے باعث 11 روز تک جھڑپوں کا سلسلہ تھمنے میں نہیں آیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








