مقبوضہ فلسطین میں غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے 7اکتوبر سے جاری حملوں کے نتیجے میں 9000خواتین کی شہادت کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ادارے یو این ویمن کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل نے 9ہزار خواتین شہید کیں جبکہ بے شمار خواتین جو ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئیں۔
اقوامِ متحدہ کے ادارے (یو این ویمن) کی حالیہ رپورٹ کے مطابق اسرائیل غزہ پر بمباری کے دوران یومیہ 63 کی اوسط سے خواتین کی شہادت کا باعث بن رہا ہے جن میں سے کم از کم 37 مائیں ہوسکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یو این ویمن کا کہنا ہے کہ یومیہ 37جاں بحق مائیں اپنے پیچھے نہ صرف غیر محفوظ بچے بلکہ تباہ حال خاندان بھی چھوڑ جائیں گی جس سے غزہ کا آنے والا مستقبل مزید تباہ ہوسکتا ہے۔
یو این ویمن کا کہنا ہے کہ 8 سے 11فروری کے مابین غزہ جنگ سے متاثرہ 120 خواتین سے سروے کے دوران مختلف سوالات کیے گئے۔ 84فیصد کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ کے دوران ان کے خاندان کی خوراک آدھی سے بھی کم رہ گئی ہے۔
خواتین نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ان کے خاندان کا کم از کم 1فرد بھوکا رہنے پر مجبور ہوا۔ یو این ویمن کے مطابق اگر غزہ جنگ فوری بند نہ ہوئی تو مزید ہلاکتیں ہوں گی جس سے صورتحال کی سنگینی مزید واضح ہوجاتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








