اسرائیلی فورسز کی بوکھلاہٹ، فلسطینی جنگجو سمجھ کر اسرائیلی شہری ہلاک کر دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

حماس کی اچانک کارروائی نے نہ صرف اسرائیل کو بری طرح ہلا کر رکھ دیا ہے بلکہ اسرائیلی فورسز کو شدید بوکھلاہٹ کا شکار بھی بنا دیا ہے، جس کے باعث اسرائیلی فورسز اپنے ہی لوگوں کو فلسطینی جنگجو سمجھ کر مارنے لگی ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز کی بوکھلاہٹ کا تازہ واقعہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب اسرائیلی فورسز نے فلسطینی جنگجو سمجھ کر ایک کار سوار کا پیچھا کر کے اسے ہلاک کر دیا، جو بعد میں اسرائیلی شہری نکلا۔

واقعہ کیسے پیش آیا؟

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی زیر قبضہ شہر عسقلان میں صہیونی فورسز نے شک کی بنا پر ایک کار کا تعاقب کیا، صہیونی فورسز کو اس بات کا شک تھا کہ کار میں فلسطینی جنگجوؤں کو لے جایا رہا ہے۔

بد قسمت کار عسقلان سے وسطی اسرائیل کی طرف جا رہی تھی، فورسز نے شک کی بنا پر کار کو رکنے کا اشارہ کیا تو کار سوار نے ڈر کے مارے بجائے رکنے کے گاڑی کی رفتار بڑھا دی۔

اسرائیلی اخبار  یدیعوت احرنوت کے مطابق مشتبہ کار سرحدی علاقے سے وسطی اسرائیل اور اشدود شہر کی طرف جا رہی تھی، چنانچہ نہ رکنے پر فورسز نے فائر مار دیا جس کے نتیجے میں کار کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔

واقعے کے بعد کار کی تلاشی لی گئی تو معلوم ہوا کہ مقتول کوئی فلسطینی جنگجو نہیں، بلکہ اسرائیلی شہری تھا جو فورسز کی جانب سے اشارہ کرنے پر گھبرا کر بھاگ رہا تھا۔
اسرائیلی میڈیا کو خفت اٹھانا پڑی

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی میڈیا اس واقعے کے بعد فلسطینی مزاحمت کار کی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کی کوریج کیلئے جائے وقوع پر پہنچا، تاہم جب معاملہ کچھ اور نکلا تو اسرائیلی میڈیا کو بڑی سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔

Related Posts