اسلام آباد: اٹلی کی حکومت نے پاکستان کو ورک ویزا کیٹیگری میں شامل کرلیا ، پاکستانی شہریوں کو موسمی اور غیر موسمی ورک ویزا حاصل کرنے کی اجازت مل گئی۔
اطالوی حکام کی جانب سے پاکستان سمیت کچھ غیر یورپی یونین ممالک کے شہریوں کو 30000 سے زیادہ ورک ویزا جاری کیے جائیں گے۔ زراعت ، سیاحت ، تعمیرات اور فریٹ فارورڈنگ سیکٹر میں پاکستانی کارکن اس موقع سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
درخواست فارم 31 دسمبر 2020 کو حتمی آخری تاریخ تک دستیاب ہیں۔ ویزا کیلئے درخواست قانونی طور پر اٹلی کے رہائشی اطالوی یا غیر ملکی آجر کے ذریعہ پیش کرنے کی شرط عائد کی گئی ہے۔
دو سال کے وقفے کے بعد پاکستان کو ویزا کے اس زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ اٹلی میں پاکستان کے سفیر جوہر سلیم نے کہا کہ اٹلی یورپی یونین میں سب سے بڑا ملک ہے جہاں پاکستان ہنرمندوں نے 2019-2020 میں ترسیلات زر کی مد میں 142 ملین ڈالر پاکستان بھیجے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی میں پاکستانی کمیونٹی دو سال قبل اس سہولت کو واپس لینے کے بعد سے ویزوں کے اہل ممالک کی فہرست میں دوبارہ شمولیت کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ اطالوی منڈی میں پاکستانی کارکنوں کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیکڑوں پاکستانی کارکن اٹلی میں فائدہ مند روزگار حاصل کریں گے۔