لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملے میں جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر حسین عزت عطوی سمیت دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ دوسرا ہولا کے علاقے میں ایک مکان پر حملے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
جماعت اسلامی لبنان نے اپنی تنطیم کے مسلح ونگ کے کمانڈر ڈاکٹر حسین عزت عطوی کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے اسے اسرائیل کی بزدلانہ کارروائی قرار دی۔
بیان میں کہا گیا کہ شہید ڈاکٹر حسین عزت عطوی اپنے گھر سے دفتر جا رہے تھے کہ اسرائیلی ڈرون حملے میں نشانہ بنے۔ گروپ نے اسرائیل کو اس قتل کا ذمے دار ٹھہرایا ہے۔
اسرائیلی فورس کے ترجمان نے بتایا کہ جنوبی لبنان پر ایک کار پت کیے گئے ڈرون حملے میں جماعت اسلامی کے رہنما حسین عطوی کو ہلاک کیا ہے۔
اسرائیل کے فوجی ترجمان نے کہا کہ حسین عطوی لبنان سے اسرائیل میں حملوں کی منصوبہ بندی کرتے رہے ہیں اور ان کا حماس سے بھی رابطہ تھا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر حسین عزت عطوی1968 میں جنوبی گاؤں الحباریہ (ضلع حسبیہ) میں پیدا ہوئے۔ ان کی والدہ بھی 1977 میں اسرائیلی گولہ باری سے ہلاک ہو گئی تھیں جب حسین عطوی صرف صرف نو سال کے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








