جاوید میانداد باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

جاوید میانداد باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے
جاوید میانداد باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے

پاکستان کے سابق کرکٹر جاوید میانداد باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے ہیں، چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین نے جاوید میانداد کو پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر اعزازی ٹوپی اور پلاک پیش کی۔

اس سے قبل وسیم اکرم ،فضل محمود اور ظہیر عباس بھی پی سی بی ہال آف فیم کا باضابطہ حصہ بن چکے ہیں۔

پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننے پر جاوید میانداد نے کہا کہ پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننا اُن کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

جاوید میانداد نے کہا کہ جب ایک کرکٹر پاکستان کرکٹ کے معاملات کی سربراہی سنبھالتا ہے تو ایسے خوش آئند فیصلے کیے جاتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ایک کھلاڑی کتنی قربانیاں دے کر اس مقام تک پہنچتا ہے۔

سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں اپنے دور میں بہترین کھلاڑیوں کا ساتھ نصیب ہوا  جنہوں نے ہمیشہ ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی کی، وہ کیرئیر میں بھرپور حوصلہ افزائی کرنے پر پاکستانی عوام کے بھی مشکور ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے اور ٹی 20 سیریزلاہور منتقل

انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ میدان میں اترتے تھے تو وہ ٹیم اور اپنے ملک کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کیا کرتے تھے، وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے سخت محنت کیا کرتے تھے۔

جاوید میانداد نے کہا کہ وہ اپنے کیرئیر کی ہر اچھی اننگز کو ماضی میں چھوڑ کر مستقبل پر نظر جمایا کرتے تھے، ان کی کوشش ہوتی تھی کہ وہ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر اگلے میچ میں بہترین کارکردگی پیش کریں۔

مزید برآں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے وہ جاوید میانداد کو باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ ان کی کرکٹ کے لیے بے پناہ خدمات کا اعتراف ہے۔

Related Posts