اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔
مقامی میڈیا کے مطابق سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر 728 جدہ سے اسلام آباد پہنچی اور لینڈنگ کے دوران پائلٹ نے غلطی سے رن وے 28 لیفٹ کے لیے لائن اپ کیا جبکہ صحیح رن وے 28 رائٹ تھا۔ قابل ذکر ہے کہ رن وے 28 لیفٹ دیکھ بھال کے کام کے باعث بند تھا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے نوٹم جاری کیا تھا کہ رن وے 28 لیفٹ بند ہے اور رن وے 28 رائٹ کھلا ہے لیکن پائلٹ نے اصرار کیا کہ وہ صحیح رن وے پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق کنٹرول ٹاور کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بروقت پائلٹ کو آگاہ کیا کہ وہ غلط رن وے کی طرف بڑھ رہا ہے اور لینڈنگ روک کر دوبارہ سرکٹ میں جانے کی ہدایت دی۔
ہدایت کے مطابق پائلٹ نے فوری طور پر گو-اراؤنڈ کیا اور طیارے کو دوبارہ ہوا میں برقرار رکھتے ہوئے ایک اور لینڈنگ کے لیے تیاری کی۔
دوسری کوشش پر سعودی ایئرلائن کا بوئنگ 777 طیارہ رن وے 28 رائٹ پر محفوظ لینڈنگ کر گیا۔
ذرائع کے مطابق جب طیارہ بند رن وے 28 لیفٹ کی جانب بڑھ رہا تھا، وہاں متعدد افراد اور گاڑیاں موجود تھیں اور اگر لینڈنگ غلط رن وے پر ہوتی تو سنگین حادثہ ہو سکتا تھا۔
طیارے میں درجنوں مسافر سوار تھے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ اس واقعے کا نوٹس لیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








