کراچی: سول ایوی ایشن کی اجازت کے بعد جناح اسپتال کراچی کا ہیلی پیڈ ایئر ایمبولینس لیے بحال ہوگیا، دو دہائیوں کے بعد سندھ حکومت کا ہیلی کاپٹر ہیلی پیڈ پراتر گیا۔
جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح اسپتال میں ہیلی کاپٹر زکولینڈنگ کی اجازت دے دی ہے۔
ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ 90 کی دہائی میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے مریضوں کو لایا جاتا تھا لیکن جب ہیلی پیڈ کی حالت خراب ہوئی تو پھر یہ معاملہ رک گیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی لینڈنگ کے لیے جے پی ایم سی کو سرٹیفکیٹ دے چکی ہے اور ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی جانب سے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی بھی فراہم کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ائیر ایمبولینس کے ذریعے ملک کے دور دراز علاقوں سے شدید زخمی اور بیمار مریضوں علاج کے لئے لایا جائے گا جس سے مریضوں کو اسپتال لانے میں مزید آسانی پیدا ہوگی۔