جوبائیڈن امریکا کے نئے صدر بننے کے قریب، ڈونلڈ ٹرمپ پیچھے رہ گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

واشنگٹن: امریکا میں صدارتی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل گزشتہ روز ختم ہوگیا جس کے بعد نتائج سامنے آرہے ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ حصولِ اقتدار کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے جبکہ جوبائیڈن امریکا کے نئے صدر بننے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکا میں وائٹ ہاؤس پر قبضہ جمانے اور ملک کا صدر منتخب ہونے کیلئے 270 الیکٹورل ووٹس کی ضرورت ہوتی ہے جن میں سے جوبائیڈن 264 الیکٹورل ووٹس حاصل کرچکے ہیں۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس دوڑ میں 214 الیکٹورل ووٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹس کے امیدوار جو بائیڈن 264 جبکہ ری پبلکن پارٹی کے صدر ٹرمپ 214 الیکٹورل ووٹس کے ساتھ برسرِ پیکار ہیں۔

امریکا کی کل 50 ریاستوں میں سے 42 کے نتائج منظرِ عام پر آگئے ہیں جن میں سے 23 ریاستوں میں ڈونلڈ ٹرمپ برتری رکھتے ہیں جبکہ جو بائیڈن 19 ریاستوں میں میدان مار چکے ہیں۔

نارتھ کیرولینا، الاسکا اور جارجیا میں ٹرمپ جو بائیڈن سے آگے ہیں جہاں کامیاب ہونے کے بعد بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے 270 میں سے 3 الیکٹورل ووٹس کم ہوں گے جبکہ جوبائیڈن کو مشی گن، نیواڈا اور وسکونسن میں برتری حاصل ہے جو سوئنگ اسٹیٹس ہیں۔

سوئنگ اسٹیٹس کے ساتھ ساتھ جوبائیڈن ایری زونا میں بھی برتری رکھتے ہیں جس سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس پر دوبارہ قبضے کا خواب چکنا چور ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل امریکا میں جاری انتخابات کے دوران بیشتر امریکی ریاستوں میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری تھا جبکہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

انتخابات کے دوران صومالوی نژاد امریکی خاتون الہان عمر اور فلسطینی نژاد راشدہ طلیب نے گزشتہ روز دوبارہ میدان مار کر ایک بار پھر کانگریس میں جگہ بنالی۔

مزید پڑھیں: امریکی انتخابات، ٹرمپ کی ناپسندیدہ 2 مسلم خواتین دوبارہ کامیاب

Related Posts