قاہرہ :اردن، عراق اور لبنان نے ہفتے کی شب ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد اپنی فضائی حدود دوبارہ کھول دی ہیں۔
اردن کے سرکاری ٹی وی نے ایوی ایشن حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اردن نے ہوائی ٹریفک آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے اور فضائی حدود کھولنے کا عمل مقررہ وقت سے تین گھنٹے پہلے ہوا۔
عراق کی ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ اب سیکورٹی خطرات پر قابو پا لیا گیا ہے۔لبنان نے کہا کہ ہوائی اڈہ رات بھر کی بندش کے بعد اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دے گا۔
ایران نے ہفتے کے روز دیر گئے اسرائیل پر دھماکہ خیز ڈرون اور میزائل داغے ، یہ اسرائیل کی سرزمین پر ایران کا پہلا براہ راست حملہ ہے جس سے وسیع علاقائی تنازعہ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
علاقائی سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اردن، جو کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان واقع ہے، اس نے اپنی سرزمین کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی ڈرون یا میزائل کو روکنے کے لیے فضائی دفاع کو تیار رکھا تھا۔
اسرائیل کے چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق امریکی اور برطانوی جنگی طیارے عراق اور شام کے سرحدی علاقے میں اسرائیل جانے والے کچھ ڈرونز کو مار گرانے میں ملوث تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








