نوے کی دہائی میں بالی ووڈ پر راج کرنے والی اداکارہ جوہی چاؤلہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی ایک فلم مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ انا کے مسئلے کے باعث چھوڑ دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق 90ء کی دہائی میں فلمی دنیا پر راج کرنے والی مادھوری ڈکشٹ اور جوہی چاؤلہ نے کم و بیش ایک ہی دور میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور ایک کے بعد ایک ہٹ فلموں میں کام کیا۔ جوہی چاؤلہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے یش چوپڑا کی ایک فلم چھوڑ دی تھی۔
اپنے ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جوہی چاؤلہ نے کہا کہ ہم نے ایک ساتھ ہی اداکاری کا آغاز کیا تھا۔ مادھوری ڈکشٹ جب تیزاب میں کردار نبھا رہی تھی، میں قیامت سے قیامت تک کر رہی تھی۔ ہمارے پورے کیرئیر میں ہمارا ایک دوسرے سے تقابل کیاجاتا تھا۔
گفتگو کے دوران جوہی چاؤلہ نے کہا کہ پورے فلمی کیرئیر کے دوران کبھی میں نمبر ون ہوتی تو کبھی مادھوری کو نمبر ون مانا جاتا تو کبھی اسی قسم کا کوئی اور تجزیہ ہورہا ہوتا تھا۔ یہ سب کافی عرصے تک چلتا رہا۔ واضح رہے کہ دونوں 90 کی دہائی میں بالی ووڈ کی چوٹی کی اداکارائیں مانی جاتی ہیں۔
جوہی چاؤلہ نے کہا کہ یش چوپڑا نے مجھے فلم دل تو پاگل ہے دی لیکن رول سپورٹنگ ایکٹر کا لگا جو مجھے ناگوار گزرا اور میں نے فلم میں کام کرنے کی تجویز مسترد کردی۔ میں نے یش چوپڑا کے ساتھ ڈر میں اداکاری کی تھی اور پھر وہ دل تو پاگل ہے بنانا چاہتے تھے جس میں مجھے رول کی آفر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ایک رول مادھوری ڈکشٹ کو ملے گا اور آپ دوسرا رول کر لیں۔ میں نے کہا کہ میں دوسرا رول کروں؟ مجھے کچھ عدم تحفظ تھا اور مادھوری ڈکشٹ سے انا کا مسئلہ بھی، اس لیے میں نے یہ کردار نہیں کیا لیکن وہ میری زندگی کا پہلا ہی موقع تھا، بعد میں یہی رول کرشمہ کپور نے کیا۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کے ہمراہ فلم دل تو پاگل ہے میں اداکاری کرنے والی کرشمہ کپور اس سال کا نیشنل ایوارڈ لے اڑی تھیں۔ یہ فلم اسی زمانے میں بننے والی دیگر فلموں سے مختلف اس لیے بھی ٹھہری کیونکہ اس میں زیادہ تر گیت اور رقص تھا جسے بے حد سراہا گیا۔
دوسری جانب اپنے ایک انٹرویو کے دوران مادھوری ڈکشٹ نے کہا کہ میں نے کسی بھی اداکار کے ساتھ کام کرنے سے انکار نہیں کیا۔ میں سمجھتی ہوں کہ ہم اداکار ہوتے ہیں، گھوڑے نہیں جنہیں ریس میں دوڑایا جائے اور فیصلہ ہو کہ کون پہلے فنش لائن تک پہنچتا ہے۔
مادھوری ڈکشٹ نے کہا کہ اداکاری ایک تخلیقی فیلڈ کانام ہے اور ہم جن لوگوں کو پسند کرتے ہیں، ان کے ساتھ اداکاری کرتے ہیں۔ میں نے کبھی جوہی چاؤلہ کو اس نظر سے نہیں دیکھا کہ وہ میری مدِ مقابل اداکارہ ہے اور مجھے اس کا مقابلہ کرنا ہے۔ میں نے پریتی زنٹا اور ایشوریا رائے کے ساتھ بھی اداکاری کی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








