لاہور: پنجاب پولیس میں ڈی آئی جی (آپریشنز) کی جونیئر لیڈی کلرک سدرہ پر 4 لاکھ 50 ہزار روپے بطور رشوت لینے کا الزام ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کی رہائشی حنا نامی خاتون کا کہنا ہے کہ جونیئر لیڈی کلرک سدرہ نے میرے بھائی کو پولیس میں بھرتی کروانے کا جھانسہ دیا اور اس سے ساڑھے 4 لاکھ بطور رشوت وصول کرلیے۔ حنا کے مطابق سدرہ نے کہا تھا کہ یہ رقم ڈی آئی جی آپریشنز کو دی جائے گی۔
متاثرہ خاتون حنا نے کہا کہ سدرہ اصغر نامی جونیئر کلرک کے گھر 5 سال سے آنا جانا ہے ، ملزمہ سدرہ کی والدہ بیوٹی پارلر چلاتی ہیں جہاں آمد و رفت کےدوران تعلقات استوار ہوئے جو دوستی میں بدل گئے۔ سدرہ اصغر اور والدہ نے حنا کو مشورہ دیا کہ اپنے بھائی کو پولیس میں بھرتی کروا دو، میرے لیے یہ مشکل کام نہیں۔
ابتدا میں حنا کے مطابق چھ لاکھ 50 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا گیا۔ کئی بار ڈی آئی جی آفس کے چکر بھی لگوائے گئے۔ جب حنا نے 4 لاکھ 50 ہزار روپے دے دئیے تو جونیئر لیڈی کلرک نے حنا کو پہچاننے سے انکار کردیا۔ متاثرہ خاتون نے حکامِ بالا سے جونیئر کلرک کے خلاف کارروائی اور رقم واپس دلانے کی درخواست کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں باپ کی سگی بیٹی سے زیادتی کی کوشش
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








