کالام میں برف باری، سڑکیں بلاک ہونے کے باعث سیاح ہوٹلوں میں محصور

تازہ ترین

تازہ ترین

کالام سمیت ملک کے متعدد مقامات پر بارش اور برف باری کے باعث سڑکیں بلاک ہوگئیں، مختلف علاقوں میں سیاح ہوٹلوں تک محصور ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے نشیبی علاقوں اور سوات کی وادئ کالام میں برفباری کے باعث بالائی علاقوں کا ملک کے دیگر شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ لواری کے اطراف میں 3 فٹ تک برفباری ہوئی جس کے باعث ٹنل بند ہوگیا۔

لواری ٹنل بند ہونے کے باعث متعلقہ علاقوں میں شہریوں کو بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔ کالام میں ہونے والی برفباری نے رابطہ سڑکوں کو بلاک کردیا۔ ملکی و بین الاقوامی سیاح ہوٹلوں تک محصور ہوگئے۔ متعدد علاقوں میں گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں۔

اسکردو، استور، غذر اوردیامر میں شدید برفباری کے نتیجے میں برف کی بھاری بھرکم تہیں جم گئیں۔ کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں شاہراہِ قراقرم بند ہوگئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے نزدیک مری میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ برفباری ہوئی۔

ملکہ کوہسار مری کی مقامی حکومت نے عام شہریوں اور سیاحوں کو سفر کے دوران احتیاط کا مشورہ دیاجبکہ مری میں 8 انچ تک برفباری کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ مری ایکسپریس وے پر بد ترین ٹریفک جام ہے۔

برفباری اور بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث مختلف علاقوں میں عوام اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بیشتر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے باعث نظامِ زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔ مری میں تیز ہواؤں کے باعث بل بورڈز گر گئے۔

ملک کے دیگر شہروں بشمول پشاور، لوئر دیر اور ایبٹ آباد میں بارش کے باعث مختلف حادثات کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔ بلوچستان میں بھی تیز بارش اور ژالہ باری کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

Related Posts