مشہورومعروف ٹرانس جینڈر سماجی رہنما کامی سڈ نے اداکارہ ایمان علی کے خواجہ سراؤں کے متعلق بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب اللہ کی بنائی ہوئی مخلوق ہیں، معاشرے کو اپنا طرزِ عمل بدلنا ہوگا۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں خواجہ سراء رہنما کامی سڈ نے کہا کہ ہم نہیں جانتے کہ کیوں لوگ ٹرانس جینڈرز کے خلاف عزت و احترام سے عاری اصطلاحات استعمال کرتے ہیں۔
سماجی رہنما کامی سڈ نے کہا کہ خدا کیلئے یہ بات سمجھیں کہ ہم سب کو دیگر افراد کی کمیونٹی اور جذبات کیلئے اپنی سوچ اور رویے بدلنا ہوں گے۔لوگ ہمیں کھسرا اور ہیجڑا کہہ کر پکارتے ہیں لیکن ہم اللہ کی مخلوق ہیں۔
انسٹا گرام پیغام میں کامی سڈ نے مزید کہا کہ جب اللہ تعالیٰ نے ہمیں خواجہ سراء پیدا کیا ہے تو ہم اس کے خلاف کیسے جاسکتے ہیں؟ اور آپ کھسرا ہونے کو معمول کی بات نہیں سمجھتیں کیونکہ آپ اپنی زندگی خاتون کی حیثیت سے گزار رہی ہیں۔
کامی سڈ نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ لوگ ان اصطلاحات کو ہتکِ عزت کیلئے کیوں استعمال کرتے ہیں۔ خدا کیلئے اپنی سوچ بدلیں اور دیگر افراد اور ان کے احساسات کو سمجھیں تاکہ کسی کے جذبات مجروح نہ ہوں۔ اداکارہ متھیرا نے بھی ایمان علی کے تبصرے پر افسوس کا اظہار کیا۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








