پیر کی علی الصبح کراچی کے علاقے لانڈھی، قائدآباد اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق یہ جھٹکے صبح 3 بج کر 14 منٹ پر ریکارڈ کیے گئے۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز ضلع ملیر تھا اور اس کی گہرائی زمین کے اندر 8 کلومیٹر بتائی گئی۔تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں، جس کے نتیجے میں عوام میں شدید خوف و ہراس دیکھنے میں آیا تھا۔ ان جھٹکوں کا اثر خاص طور پر قائدآباد، ملیر، لانڈھی، اور شاہ فیصل کالونی جیسے علاقوں میں محسوس کیا گیا تھا۔
زلزلے کے جھٹکوں کے بعد مقامی شہریوں میں اضطراب کی لہر دوڑ گئی اور لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس سے قبل آنے والے جھٹکوں کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ ان کی گہرائی 35 کلومیٹر زیر زمین تھی۔
یہ جھٹکے شمالی ملیر ضلع کے مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی نقصان یا عمارتوں کو نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








