کراچی: ہاکس بے کے سمندر میں ڈوبنے سے6افراد زندگی کی بازی ہار گئے،ریسکیو حکام نے4لاشیں نکال لی ہیں جبکہ2کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ہاکس بے سینڈسپٹ کے مقام پر ہفتے کی دوپہر سمندر میں ڈوبنے والے دونوں نوجوان کی لاشیں نکال لی گئیں، متوفین کی لاشیں ایدھی اور چھیپا بحری خدمات کی ٹیم نے ریسکیو کر کے نکالیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
سمندر کی بے رحم لہروں کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 16 سالہ محسن ولد ظہور اور 15 سالہ معمون ولد امداد کریم کے نام سے کی گئی، متوفین نارتھ کراچی کے رہائشی تھے۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔
دوسری جانب اتوار کی صبح ہاکس بے ٹرٹل بیچ پر نہاتے ہوئے 4 افراد نوجوان ڈوب گئے، ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے ڈوبنے والوں میں سے 2 افراد کی لاشیں نکال لیں جبکہ دو کو تلاش کیا جارہا ہے۔
ایدھی بحری خدمات کے مطابق ملنے والی لاشوں میں سے ایک کی شناخت 25 سالہ نہال ولد عرفان اور ایک نامعلوم ہے جبکہ 15 سالہ فہد اور 25 سالہ شاہ رخ کی تلاش جاری ہے، ڈوبنے والے چاروں افراد لیاقت آباد نمبر 10 سندھ ہوٹل کے رہائشی ہیں۔
مزید پڑھیں:متاثرہ علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاری سے نمٹنے کیلئے فوج کی امدادی سرگرمیاں
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








