کراچی: کمشنر سید حسن نقوی نے شہر میں آٹے اور روٹی کی سرکاری قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے تاکہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں ڈھائی نمبر آٹے کی ہول سیل قیمت 83 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 87 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
فائن آٹے کی قیمت ہول سیل میں 88 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل میں 92 روپے فی کلو ہوگی۔ اسی طرح چکی آٹے کی قیمت 100 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
اس وقت مارکیٹ میں فائن آٹا 90 سے 100 روپے فی کلو جبکہ چکی آٹا 110 سے 115 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔نوٹیفکیشن کے تحت 100 گرام روٹی کی قیمت 10 روپے اور 120 گرام نان کی قیمت 15 روپے مقرر کی گئی ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں چپاتی 18 سے 20 روپے اور نان بغیر وزن کی حد کے 25 سے 28 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔
کمشنر کراچی نے رمضان میں مہنگائی کو روکنے کے لیے سرکاری نرخ مقرر کیے ہیں تاکہ اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔
کمشنر کراچی نے ہدایت دی ہے کہ سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری قیمتوں کی فہرست ہر صبح جاری کی جائے گی تاکہ قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کو روکا جا سکے۔
اس کے علاوہ کمشنر آفس میں ایک شکایتی سیل بھی قائم کیا گیا ہے جو ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی کی روک تھام میں مدد فراہم کرے گا۔
ڈپٹی کمشنرز کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ جو دکاندار سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کریں، ان کے خلاف جرمانے اور گرفتاریوں سمیت سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
کمشنر کراچی نے زور دیا کہ رمضان کے دوران مقرر کردہ قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا اور نرخ نامے آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کو جرمانے اور گرفتاری کا سامنا کرنا پڑے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








