کراچی:شہر قائد میں کوئٹہ کی سرد ہوائیں چلنے لگیں،درجہ حرارت 8 سے10 ڈگری کے درمیان رہنے اوررواں ماہ سردی کا ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان پیدا ہوگیا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی شمالی سمت سے چلنے والی ہوائوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 36 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی جب کہ سردی کی موجودہ لہر کے دوران 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جس کے باعث کراچی میں پیر کے روز پارہ مزید گرنے کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں پیر کے روز ہواوں کی رفتار بڑھنے اور سردی میں اضافے، مطلع سرد و خشک رہنے اور کم سے کم درجہ حرارت 8 سے10 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ سردی کی نئی لہر جمعے تک برقرار رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اتوار کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری ریکارڈ ہوا جب کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 3 ڈگری کمی کے بعد 24.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 28 اور شام کو 6 فیصد ریکارڈ ہوا جب کہ دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوکر 3 کلومیٹر رہ گئی تھی۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی امکان ظاہر کیا ہے کہ سردی کی موجودہ لہر رواں ہفتے جمعے کے روز تک برقراررہ سکتی ہے اور اس کے دوران ہی دسمبر کے مہینے میں کم سے کم درجہ حرارت کا سابقہ چند سالہ ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے۔
دوسری جانب پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں رات بھر بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 بنوں میں 3 جبکہ پارہ چنار میں منفی 6 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پشاور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ملی میٹر جبکہ ضلع کرم میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختون خوا کے بالائی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے جبکہ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔