کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ حال ہی میں رضویہ پولیس حدود میں پیش آنے والے ایک ڈکیتی کے واقعے نے شہریوں کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا۔
آج صبح سویرے چار مسلح ملزمان جو کہ ایک آلٹو کار اور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے، نے تقریباً 15 منٹ تک کھلے عام ڈکیتی کی۔ انہوں نے شہریوں سے لوٹ مار کی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ڈاکوؤں نے سب سے پہلے موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو روکا۔ اگرچہ پیچھے بیٹھا شخص بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گیا لیکن مسلح ملزمان نے موٹر سائیکل کے ڈرائیور علی حسین سے ان کا موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل چھین لی۔ اس دوران ملزمان نے علی حسین پر تشدد کیا اور انہیں ذلت آمیز مرغا بننے پر مجبور کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
فوٹیج سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزمان نے علاقے میں تین سے چار دیگر موٹر سائیکل سواروں کو بھی لوٹا ان پر تشدد کیا اور قریبی ایک پان کی دکان سے بھی لوٹ مار کی۔ عینی شاہدین کے مطابق تین ملزمان بعد میں آلٹو کار میں فرار ہو گئے جبکہ ایک ملزم موٹر سائیکل پر بھاگ نکلا۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے تقریباً آدھے گھنٹے تک پولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی پولیس اہلکار موقع پر نہیں پہنچا۔ متاثرین نے بعد میں رضویہ پولیس اسٹیشن جا کر شکایت درج کی لیکن ان کے مطابق پولیس حکام نے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور نہ ہی ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات کیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








