کراچی: شہرقائد میں خاتون کو زندہ جلانے کا ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے، گلشن اقبال بلاک 4 میں واقع اسکول کے کچن سے خاتون کی دیگ سے لاش برآمدہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق واقعے کیخلاف مقتولہ کے بھائی نے مبینہ ٹاؤن تھانے میں ایف آئی آر درج کروادی ہے جس میں مدعی نے کہا ہے کہ 22 سال قبل کراچی میں میری بہن نرگس کی شادی عاشق حسین سے ہوئی تھی۔
ایف آئی آر میں مدعی نے کہا کہ بہن کے 6 بچے تھے، کام پر تھا کہ اِس افسوسناک واقعے کی خبر ملی، گھر پہنچا تو چولہے پر پتیلے میں بہن نیم برہنہ حالت میں مردہ پڑی تھی جبکہ چولہا جل رہا تھا جسے میں نے فوری طور پر بند کردیا۔
مدعی نے کہا کہ عاشق حسین نے میری بہن کو گرم پانی میں اُبالا تھا جبکہ اُس کی کٹی ہوئی ٹانگ دیگ کی دوسری جانب پڑی ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عاشق 3 بچوں عارف، مہران اور آمنہ کو لیکر فرار ہوگیا ہے جس کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔
مقتولہ کے بھائی نے مطالبہ کیا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کو گرفتار کرکے اُس کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز گلشن اقبال سے خاتون کی دیگ میں سے جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی تھی جس سے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔